ایرانی وزیر خارجہ کا الزام:امریکہ اسرائیلی حملوں کا شریک ہے

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اسرائیلی حملوں کا الزام امریکہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نہ صرف شریک ہے بلکہ اسے ان حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔
ایران کے سینئر سفارت کار سید عباس عراقچی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں امریکہ بھی بالواسطہ طور پر شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر واشنگٹن اسرائیل کی حمایت نہ کرتا تو یہ حملے ممکن ہی نہ ہوتے۔اپنے بیان میں عراقچی نے امریکہ سے ان حملوں کی کھلے الفاظ میں مذمت کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ واشنگٹن کو اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔
انھوں نے ٹیلی گرام پر کہا کہ اگرچہ امریکہ کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے ہیں جن میں حملے میں کردار نہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہےمگر ایران کے پاس اس کے برخلاف شواہد موجود ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیل ان حملوں کے ذریعے ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے جو کہ کسی ممکنہ معاہدے کی طرف جا سکتے تھے۔۔