غزہ کا 77فیصد حصہ اسرائیلی کنٹرول میں،شہریوں کواملاک تک رسائی محدود

غزہ کے اطلاعاتی دفتر کے مطابق اسرائیل نے 77 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، جب کہ حالیہ فضائی حملوں میں 21 فلسطینی جاں بحق اور ریڈ کراس کے دو کارکن ہلاک ہو گئے۔
غزہ کے دفتر اطلاعات نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی افواج اس وقت غزہ کے تقریباً 77 فیصد علاقے پر قابض ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فورسز شہری اور رہائشی علاقوں میں اس طرح تعینات ہیں کہ مقامی فلسطینی اپنی املاک تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔ یہ صورتحال اسرائیلی فوج کی جانب سے بھاری فائرنگ اور نقل و حرکت کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔فلسطینی حکام نے اس پیش رفت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل دانستہ طور پر غزہ میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے سنگین نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ اس کے دو کارکن، ابراہیم عید اور احمد ابو ہلال، ایک فضائی حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ یہ حملہ سنیچر کے روز ان کے گھروں پر کیا گیا تھا۔اتوار کے دن اسرائیلی فضائی کارروائیوں میں مزید تین فلسطینی اُس وقت ہلاک ہوئے جب خان یونس کے قزان النجار علاقے میں ایک ڈرون حملے کا نشانہ بنے۔ اس طرح، حالیہ بمباری میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔