اردو، ہندی اور سنتھالی زبانوں کے حقوق کے لیے عوامی کنونشن کا انعقاد

زکریا اسٹریٹ، کلکتہ میں زبان دوستوں کی گونجے گی آواز
رپورٹ: محمد شہباز عالم مصباحی (اسلام پور، ضلع اتر دیناج پور)
کولکاتا: ریاستِ مغربی بنگال میں اردو، ہندی اور سنتھالی جیسی عوامی زبانوں کے ساتھ مسلسل ہو رہی نا انصافی کے خلاف اب عوامی سطح پر صدائے احتجاج بلند ہونے لگی ہے۔آج 23 مئی 2025 بروز جمعہ شام 6:30 بجے کولکاتا کے مشہور علاقے زکریا اسٹریٹ میں ناخدا مسجد کے قریب ایک اہم عوامی کنونشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ان مادری زبانوں کو ان کے جائز آئینی اور سماجی حقوق دلانا ہے۔یہ کنونشن اُن تمام زبان دوست افراد، طلبہ، دانشوروں، اساتذہ اور سماجی کارکنوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے جو اس بات سے فکرمند ہیں کہ ایک طرف ریاست خود کو لسانی تنوع کا گہوارہ کہتی ہے، تو دوسری جانب مغربی بنگال پبلک سروس کمیشن (WBCS) کے حالیہ اشتہار میں اردو، ہندی اور سنتھالی زبانوں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے، جو نہ صرف آئین ہند کے آرٹیکل 29 اور 30 کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ اقلیتوں کے ساتھ سراسر نا انصافی اور لسانی تعصب کا کھلا مظاہرہ ہے۔
یاد رہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے WBCS امتحان میں بنگلہ اور نیپالی زبانوں کو شامل کیا گیا ہے، لیکن اردو، ہندی اور سنتھالی جیسے کثیر الاستعمال اور تعلیمی و ادبی حیثیت رکھنے والی زبانوں کو شامل نہ کرنا اقلیتوں اور دیگر غیر بنگلہ بولنے والے شہریوں کے ساتھ دوہرا معیار برتنے کے مترادف ہے۔ اس سے پہلے بھی مختلف سماجی، تعلیمی اور ادبی تنظیموں نے اس امتیازی رویے کے خلاف آواز اٹھائی تھی، مگر حکومت کی طرف سے کوئی مثبت رد عمل سامنے نہیں آیا۔اس کنونشن میں مختلف زبانوں کے نمائندے، تعلیمی ماہرین، سماجی و سیاسی کارکن، شعرا و ادبا اور طلبہ بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ اس موقع پر اردو، ہندی اور سنتھالی زبانوں کی نمائندگی کرنے والے متعدد مقررین حکومتِ مغربی بنگال سے مطالبہ کریں گے کہ ان زبانوں کو نہ صرف WBCS بلکہ دیگر سرکاری امتحانات، نصابی نظام، اور روزگار کے میدانوں میں مساوی حیثیت دی جائے۔
منتظمین نے تمام لسانی، تعلیمی، سماجی اور ملی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کنونشن میں بھرپور شرکت کریں اور زبانوں کے تحفظ کی اس لڑائی کو ایک عوامی تحریک میں بدل دیں۔
اگر آج ہم خاموش رہے، تو کل ہماری نسلوں کو اپنی مادری زبان میں تعلیم، روزگار اور شناخت سے محروم ہونا پڑے گا۔ یہ صرف اردو، ہندی یا سنتھالی کا مسئلہ نہیں، بلکہ ہندوستان کے ہر باشعور شہری کی آئینی آزادی، شناخت اور جمہوریت کی بقا کا سوال ہے۔
کنونشن کی تفصیلات:
تاریخ: 23 مئی 2025
وقت: شام 6:30 بجے
مقام: زکریا اسٹریٹ، ناخدا مسجد کے قریب، کلکتہ
یہ کنونشن ریاستی حکومت کو یہ پیغام دے گا کہ بنگال کی گلیوں میں صرف ایک زبان کی اجارہ داری نہیں، بلکہ یہاں اردو، ہندی، سنتھالی، اور دیگر زبانیں بھی اسی مٹی کی خوشبو رکھتی ہیں۔ یہ زبانیں محض رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ تہذیب، ثقافت اور شناخت کی علامت ہیں، جنہیں مٹانے کی ہر کوشش تاریخ میں دفن ہو جائے گی، مگر ان کے چراغ روشن رہیں گے