نیتیانندرائے اورتیجسوی یادومیں زبانی جنگ،ترقی وصحت پرکھلا چیلنج

نیتیانند رائے نے تیجسوی یادو کو ترقی پر مباحثے کا چیلنج دیا، جس پر تیجسوی نے جواب دیتے ہوئے صحت نظام کی ناکامی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ وہ بحث کے لیے ہر فورم پر تیار ہیں۔
بہار۔بی جے پی لیڈر نیتیانند رائے نے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کو کھلے مباحثے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہار کی کسی بھی زمین پر ترقی کے موضوع پر بحث کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کا کوئی بھی ضلع صدر بھی تیجسوی سے ہر مسئلے پر بات کرنے کو تیار ہے، مگر وہ خود اتنی صلاحیت نہیں رکھتے کہ ترقی جیسے سنجیدہ موضوع پر بحث کر سکیں۔رائے نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار میں امن و قانون، سڑکوں، تعلیم اور صحت کے شعبے میں زبردست ترقی ہوئی ہےاور اس پر سوال اٹھانا محض سیاسی تنقید ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
دوسری جانب، تیجسوی یادو نے اس چیلنج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو خاص طور پر صحت کے شعبے میں سنجیدگی دکھانی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ “جب ہم حکومت میں تھے تو ہم نے 700 ایسے ڈاکٹروں کو برطرف کیا تھا جو ڈیوٹی پر نہیں آتے تھے۔ایسا قدم اس سے پہلے کبھی نہیں اٹھایا گیا تھا۔” انھوں نے مزید کہا کہ “صحت کے وزیر کو خود اسپتالوں کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ نظام کی اصلیت معلوم ہو۔” تیجسوی نے چیلنج کو قبول کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ بحث کے لیے وہ کسی بھی عوامی پلیٹ فارم پر تیار ہیں۔