سابق امریکی صدر جو بائیڈن پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا، مرض ہڈیوں تک پھیل چکا ہے

سابق امریکی صدر جو بائیڈن میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، جو ہڈیوں تک پھیل چکا ہے؛ ان کا گلیسن اسکور 9 ہے اور علاج جاری ہے۔
واشنگٹن: سابق امریکی صدر جو بائیڈن، جن کی عمر 82 برس ہے، میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، جو اب ان کی ہڈیوں تک پھیل چکا ہے۔ ان کے ترجمان کیلی سکلی نے اتوار کو ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔رپورٹس کے مطابق، گزشتہ ہفتے بائیڈن کو پیشاب کے نظام سے متعلق کچھ مسائل درپیش ہوئے، جس کے بعد ان کے مزید طبی معائنے کیے گئے۔ معمول کی جسمانی جانچ کے دوران ان کے پروسٹیٹ میں ایک معمولی گلٹی (گانٹھ) کا پتہ چلا، جس کے بعد مزید تفصیلی ٹیسٹ کیے گئے۔
ڈاکٹروں نے جمعہ کے روز اس بات کی تصدیق کی کہ انھیں پروسٹیٹ کینسر ہے، اور یہ بیماری ہڈیوں تک پھیل چکی ہے، جو کینسر کے ایک شدید اور پیچیدہ مرحلے کو ظاہر کرتا ہے۔
صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ “اگرچہ مرض کی شدت زیادہ ہے، لیکن کینسر ہارمونز پر اثر انداز ہونے والا لگتا ہے، جس سے اس کا علاج مؤثر طریقے سے ممکن ہے۔ صدر اور ان کا خاندان اپنے معالجین کے ساتھ مل کر علاج کے مختلف پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں۔”ماہرین کے مطابق پروسٹیٹ کینسر کی شدت کو ایک خاص پیمانے (گلیسن اسکور) پر ناپا جاتا ہے، جس میں 1 سے 10 تک کا درجہ دیا جاتا ہے۔ بائیڈن کا اسکور 9 بتایا گیا ہے، جو اس مرض کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔