خبرنامہ

معروف عالم دین حضرت مولانا قاری نور محمدرضوی سڑک حادثہ میں جاں بحق

امتِ مسلمہ کا عظیم علمی خسارہ، دینی و اصلاحی حلقوں میں رنج و اندوہ کی لہر

سہلاؤ شریف/باڑمیر (پریس ریلیز)
باڑمیر جیسلمیر اور اس کے اطراف کے دینی، علمی و عوامی حلقوں کے لیے ایک نہایت المناک خبر قہر بن کر ٹوٹی ہے کہ دارالعلوم اہلسنت رضائے مصطفیٰ، جیٹھوائی روڈ، جیسلمیر کے مہتمم، جماعتِ رضائے مصطفیٰ جیسلمیر کے متحرک صدر، جید عالمِ دین، ممتاز قاریٔ قرآن اور باذوق خطیب حضرت مولانا قاری نور محمد رضوی علیہ الرحمہ 14 مئی 2025ء کو ایک اندوہناک سڑک حادثے میں انتقال کر گئے۔ مرحوم علم و عمل، تقویٰ و اخلاص، اور سادگی و سچائی کا پیکر تھے۔ آپ کی رحلت نے نہ صرف اہلِ خانہ، تلامذہ، وابستگان اور محبین کو رنجیدہ و غمگین کر دیا بلکہ دینی، تعلیمی اور اصلاحی میدانوں میں ایک ایسا خلا پیدا کر دیا ہے جو مدتوں پُر نہ ہو سکے گا۔
یاد رہے کہ ابھی چند ہی ماہ قبل حضرت کی والدہ ماجدہ کا وصال ہوا تھا، اور اہلِ خانہ اس غم سے اب تک سنبھل نہ پائے تھے کہ اللہ تعالیٰ کی مشیت سے نے ایک اور آزمائش آپ کی اچانک وفات کی صورت میں سامنے آئی۔
حضرت قاری نور محمد رضوی، دارالعلوم رضائے مصطفیٰ کے پلیٹ فارم سے درس و تدریس، طلبہ کی دینی تربیت اور انتظامی خدمات کے ساتھ ساتھ جماعتِ رضائے مصطفیٰ کے تحت علاقائی دینی و سماجی اصلاحی سرگرمیوں میں بھی نہایت فعال کردار ادا کرتے رہے۔ آپ نے دین کی اشاعت کے لیے مختصر مگر مؤثر کتابچے تصنیف فرما کر عوام الناس میں بلا معاوضہ تقسیم کیے، اور عوام کو شریعت کے بنیادی مسائل سے روشناس کرایا۔
مرحوم نہایت خوش اخلاق، متواضع، بردبار، باوقار اور متوازن مزاج شخصیت کے حامل تھے۔ دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف سے آپ کا قلبی و عملی رشتہ تھا۔ ادارہ کے سالانہ عرسِ بخاری و دستارِ فضیلت کی تقریبات میں مستقل شرکت فرماتے، علمی و امتحانی خدمات انجام دیتے اور دورانِ سال بھی مسلسل علمی مشوروں میں شریک رہتے۔حضرت کی ناگہانی وفات نے ہر درد مند دل کو اشکبار کر دیا ہے۔ وہ ایک روشن چراغ تھے جو گل ہو گیا، وہ ایک ناصح و مربی تھے جو اب ہم میں نہیں رہے۔
ہم اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دستِ دعا بلند کرتے ہیں کہ حضرت مرحوم کی جملہ دینی و اصلاحی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور پسماندگان و محبین کو صبرِ جمیل کی توفیق ارزانی فرمائے۔
آمین بجاہِ سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔
مرحوم کی رحلت پر ملک و بیرونِ ملک سے جید علماء، مشائخ، ائمہ، قراء اور عوامی نمائندوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی، اور لواحقین سے تعزیت پیش کرتے ہوئے صبر و استقامت کی تلقین فرمائی۔
بالخصوص جن شخصیات نے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا، ان میں نورالعلماء، پیر طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری سہلاؤ شریف، استاذ الحفاظ والقراء حضرت قاری رئیس احمد خان صاحب، صدر شعبۂ حفظ و قراءت دارالعلوم نورالحق، چرہ محمد پور، فیض آباد، مولانا محمد ظفرالدین برکاتی مصباحی (دہلی)، مولانا محمد آدم خان قادری اشفاقی (جودھپور)، مولانا محمد جمشید خان قادری اشفاقی، قاری محمد خمیسہ خان سکندری، مولانا الحاج محمد پٹھان صاحب سکندری، مولانا فیاض احمد مصباحی، مولانا تنویر رضا صدیقی، مولانا الحاج محمد اسلم رضوی مصباحی (بھیونڈی) مولانا زین العابدین صاحب مصباحی سنت کبیرنگر و دیگر اکابر شامل ہیں۔
حضرت قاری نور محمد رضوی علیہ الرحمہ کی نماز جنازہ بعد نماز عصر، نورالعلماء پیر طریقت حضرت علامہ سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی امامت میں ادا کی گئی، جس میں سیکڑوں علماء، حفاظ، قراء، طلبہ اور عوام نے شرکت کی۔
بعد ازاں آپ کو پرنم آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔

جنازے میں خصوصی طور پر شریک ہونے والی شخصیات میں جناب پیرانا فقیر صاحب،حضرت مولانا عبد المصطفیٰ صاحب قادری صدر المدرسین دارالعلوم رضویہ جیسلمیر،حضرت قاری عبداللطیف صاحب سکندری، حضرت مولانا ولی محمد سکندری، حضرت مولانا محمد پٹھان سکندری،حضرت مولانا میر محمد اکبری، حضرت مولانا عبد السبحان مصباحی،الحاج نواب علی صاحب بھاٹی وجناب اقبال علی صاحب بھاٹی کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ حضرت کی قبر کو نور سے منور فرمائے، ان کے حسنات کو شرفِ دوام بخشے، اور امت کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر