فرانسیسی صدر میکرون کی کھیلوں میں حجاب پر پابندی کی حمایت

صدر میکرون نے کھیلوں کے مقابلوں میں حجاب سمیت مذہبی علامات پر پابندی کی حمایت کی، جب کہ اہم قومی مسائل پر ریفرنڈم کے امکان کا اظہار بھی کیا۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ کھیلوں کے مقابلوں میں غیر جانب داری کو برقرار رکھنے کے لیے مذہبی علامات، خاص طور پر حجاب، پر پابندی کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں میں حصہ لینے کے دوران تمام شرکاء کو یکساں اصولوں کے تحت آنا چاہیے اور اولمپک چارٹر اسی اصول کو تقویت دیتا ہے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ کھیلوں کی تربیت اور مقابلوں کے دوران مختلف اصول لاگو ہوتے ہیں، اور یہ فیصلہ فیڈریشنز کا ہوتا ہے کہ وہ مذہبی علامات کی اجازت دیں یا نہیں۔
صدر میکرون نے اس موقع پر دیگر اہم قومی مسائل جیسے مہاجرین، پنشن میں اصلاحات، سرکاری مالیات اور زندگی کے اختتام پر اختیار سے متعلق ریفرنڈم کے امکان پر بھی گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت چند مہینوں میں اصلاحاتی تجاویز سامنے لائے گی اور ان میں سے کچھ پر عوامی رائے لینے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ البتہ انھوں نے پنشن کی عمر 64 سال کرنے کے معاملے کو ریفرنڈم میں لے جانے سے انکار کیا، جب کہ دیگر حساس معاملات پر امکان کو کھلا چھوڑا۔