ملالہ یوسفزئی کی پاک بھارت کشیدگی پر امن کی اپیل

ملالہ یوسفزئی نے پاک بھارت قیادت سے امن، شہریوں خصوصاً بچوں کی حفاظت، اور نفرت کے خلاف یکجہتی کی اپیل کی ہے۔
نوبل امن انعام یافتہ اور انسانی حقوق کی علمبردار ملالہ یوسفزئی نے بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تنازعے کو بڑھانے کے بجائے شہریوں، خصوصاً بچوں کی حفاظت کو ترجیح دیں اور نفرت و تقسیم پھیلانے والی قوتوں کے خلاف متحد ہو کر امن کی راہ اپنائیں۔اپنے ایک پیغام میں ملالہ نے کہا کہ نفرت اور تشدد اصل دشمن ہیں، نہ کہ ہم ایک دوسرے کے۔ انھوں نے دونوں ملکوں میں متاثر ہونے والے بےگناہ افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
ملالہ کا کہنا تھا کہ اس نازک صورتحال میں وہ پاکستان میں اپنے عزیزوں، اساتذہ، کارکنوں اور اُن لڑکیوں کے بارے میں سوچ رہی ہیں جن کے ساتھ وہ کام کرتی رہی ہیں۔ انھوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ فوری طور پر بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تناؤ کم کرنے کے لیے کردار ادا کرے، کیوں کہ اجتماعی سلامتی اور ترقی کے لیے واحد راستہ امن ہے۔یاد رہے کہ 2012 میں طالبان کی جانب سے حملے کا نشانہ بننے والی ملالہ، اب تعلیم، خواتین کے حقوق اور عالمی امن کی مؤثر آواز بن چکی ہیں، اور انھیں 2014 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔