امریکہ کی جانب سے بھارت اور پاکستان کو کشیدگی کم کرنے کا مشورہ

امریکہ نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ حالیہ کشیدگی کو ذمہ داری سے کم کریں اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے اقدامات کریں۔
امریکی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا ہے کہ امریکہ، جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو بڑی سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے اور صورتِ حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق، امریکی حکام دونوں ملکوں سے رابطے میں ہیں اور ان پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے اقدامات کریں۔
ایک سینئر نامہ نگار نے تبصرہ کیا ہے کہ حالیہ برسوں میں بھارت اور امریکہ کے باہمی تعلقات میں گہرائی آئی ہے، جب کہ پاکستان نسبتاً بین الاقوامی سطح پر تنہائی کا شکار دکھائی دیتا ہے۔ ان کے مطابق، امریکی حکومت کی جانب سے بھارتی کارروائیوں کے بعد کھل کر کسی جانبداری کا اظہار نہ کرنا اسی بدلتی ہوئی پالیسی کا مظہر ہے۔اس معاملے پر امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے بھی صدر ٹرمپ کے سابقہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ موجودہ کشیدگی جلد از جلد ختم ہو اور دونوں ممالک بات چیت کے ذریعے پرامن حل کی طرف پیش قدمی کریں۔