پہلگام حملے کی تفتیش اب این آئی اے کے سپرد،بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری

پہلگام حملے کی تفتیش قومی تحقیقاتی ایجنسی (NIA) کو سونپ دی گئی، وادی بھر میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔
پہلگام میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی تفتیش کی ذمہ داری اب باضابطہ طور پر بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (NIA) کو سونپ دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد این آئی اے کی ٹیم نے پہلے ہی جائے وقوعہ پر کام کا آغاز کر دیا ہے، جس میں فرانزک اور تفتیشی ماہرین شامل ہیں۔مرکزی حکومت کے فیصلے کے بعد اب اس کیس کی باضابطہ ایف آئی آر این آئی اے کے تحت درج کی جائے گی اور ریاستی پولیس و دیگر ایجنسیاں تفتیش میں NIA کی معاونت کریں گی۔
ادھر، حملے کے بعد وادی کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں پانچ مشتبہ دہشت گردوں یا ان کے ساتھیوں کے گھروں کو منہدم کیا جا چکا ہے، جب کہ درجنوں مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔
سری نگر میں دہشت گردی کے سہارے قائم نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے ساٹھ سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ اننت ناگ اور گرد و نواح میں چیک پوسٹیں قائم کر کے گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے، تاکہ مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھی جا سکے۔حکام کے مطابق، اب تک 175 سے زائد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ اقدامات اس مقصد کے تحت کیے جا رہے ہیں کہ پہلگام جیسے کسی بھی حملے کو مستقبل میں ناکام بنایا جا سکے۔