وزیراعظم نریندر مودی آج ہریانہ کے دورے پر

وزیراعظم نریندر مودی امبیڈکر جینتی پر ہریانہ کے حصار میں ایئرپورٹ ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ایودھیا کے لیے پہلی پرواز کو روانہ کریں گے۔
ہریانہ، 14 اپریل: وزیراعظم نریندر مودی ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر پیر کو ہریانہ کے دورے پر ہیں، جہاں وہ کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ وہ اپنے دن کا آغاز حصار میں مہاراجہ اگروال ہوائی اڈے سے کریں گے، جہاں وہ ہوائی اڈے کے نئے ٹرمینل کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور حصار سے ایودھیا کے لیے پہلی تجارتی پرواز کو روانہ کریں گے۔
صبح تقریباً 10:15 بجے پرواز کے آغاز کے بعد وزیراعظم ایک بڑی عوامی ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔ دوپہر میں وہ یمنا نگر کا رخ کریں گے، جہاں وہ مزید منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ ہریانہ کے وزیراعلیٰ سینی کا کہنا ہے کہ یہ ہوائی اڈا نہ صرف حصار بلکہ آس پاس کے اضلاع کے لیے ترقی کا ایک نیا دروازہ ثابت ہوگا، جس سے تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔اس موقع پر دیگر وزراء اور ارکانِ اسمبلی بھی موجود ہوں گے۔ وزیراعظم مودی نے ایک روز قبل سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا تھا کہ امبیڈکر جینتی کا دن ہریانہ کی ترقی کو وقف ہوگا، اور وہ ریاست کو کئی اہم تحفے دینے جا رہے ہیں۔