دہلی میں فائرنگ، پراپرٹی ڈیلر ہلاک

دہلی کے پچھم وہار میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ایک پراپرٹی ڈیلر کو ہلاک کر دیا، پولیس تفتیش جاری ہے۔
دہلی کے پچھم وہار علاقے میں صبح اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب نامعلوم حملہ آوروں نے ایک فورچیونر گاڑی میں سوار پراپرٹی ڈیلر، راجکمار پر اُس وقت گولیاں چلائیں جب وہ اپنے گھر سے جم جا رہے تھے۔ حملہ آوروں نے 8 سے 10 فائر کیے، جن میں سے متعدد گولیاں سامنے سے ماری گئیں۔ راجکمار کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے درجن سے زائد خالی کارتوس ملے، اور فورینزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کیے ہیں۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل یا اسکوٹی پر سوار تھے اور راجکمار کا پیچھا کر رہے تھے۔ قتل کے پیچھے دشمنی، مالی لین دین یا ذاتی رنجش کے پہلوؤں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کی مدد سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔