بہار میں نِیٹ اور بی پی ایس سی پیپر لیک کیس: تین اہم ملزمان کی گرفتاری پر نقد انعام کا اعلان

بہار میں NEET اور BPSC پیپر لیک کے ماسٹر مائنڈ سنجیو مکھیا سمیت تین ملزمان کی گرفتاری پر پولیس نے پانچ لاکھ روپے کا انعام رکھا ہے، CBI معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
پٹنہ: بہار پولیس نے NEET (UG) 2024 اور BPSC کی اساتذہ بھرتی امتحان کے پیپر لیک معاملے میں ملوث اہم ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کر دی ہے۔ پولیس ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق، مطلوب افراد کی اطلاع دینے والوں کو مجموعی طور پر پانچ لاکھ روپے تک کا انعام دیا جائے گا۔
پولیس نے جن تین ملزمان کی گرفتاری پر انعام کا اعلان کیا ہے، ان میں سنجیو کمار سنگھ عرف سنجیو مکھیا، شبھم کمار اور راج کشور کمار شامل ہیں۔ سنجیو مکھیا کی گرفتاری پر تین لاکھ روپے جبکہ شبھم اور راج کشور کی گرفتاری پر ایک، ایک لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
سنجیو مکھیا، جو کبھی نالندہ ضلع کے ایک سرکاری کالج میں ٹیکنیکل اسسٹنٹ کے عہدے پر تعینات تھا، NEET (UG) 2024 کے پیپر لیک کا مرکزی ملزم مانا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ BPSC کی جانب سے مارچ 2024 میں کرائی گئی اساتذہ بھرتی امتحان (TRE-3) کے سوالات افشا کرنے کے معاملے میں بھی مطلوب ہے۔
تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سنجیو مکھیا کا گروہ صرف بہار تک محدود نہیں، بلکہ اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب اور راجستھان سمیت کئی ریاستوں میں سرگرم رہا ہے۔ اس گروہ پر ہریانہ میں ویٹرنری اور انگلش ٹیچر بھرتی امتحان اور اتر پردیش میں متعدد سرکاری امتحانات کے پرچے لیک کرنے کے الزامات بھی عائد ہیں۔شبھم کمار اور راج کشور کمار پر بھی دو، دو کیس درج ہیں، اور ان کی تلاش اقتصادی جرائم کی شاخ (EOU) کے ساتھ ساتھ مقامی پولیس بھی کر رہی ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ان افراد کے بارے میں کوئی معلومات ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا متعلقہ محکمے کو اطلاع دیں۔ معلومات فراہم کرنے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا، اور انہیں اعلان کردہ انعام دیا جائے گا۔یہ معاملہ اب سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) کے سپرد کر دیا گیا ہے جو اس کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے