وزیراعظم کی اپیل: میڈیکل تعلیم تمل میں ہو تاکہ غریب کا بچہ بھی ڈاکٹر بن سکے

وزیراعظم نریندر مودی نے رامیشورم میں خطاب کرتے ہوئے تمل ناڈو حکومت سے اپیل کی کہ میڈیکل تعلیم تمل زبان میں شروع کی جائے تاکہ غریب طلبہ بھی ڈاکٹر بن سکیں، اور ریاست کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔
رامیشورم میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن سے اپیل کی کہ میڈیکل کی تعلیم تمل زبان میں بھی مہیا کی جائے تاکہ وہ طلبہ جنھیں انگریزی نہیں آتی، وہ بھی ڈاکٹر بن سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جن بچوں کے پاس وسائل کم ہیں، ان کے لیے مادری زبان میں تعلیم اہم ہے۔انھوں نے اس موقع پر تمل ناڈو میں بڑھتے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھی روشنی ڈالی، اور کہا کہ پچھلے دس برسوں میں ریاست کو 11 نئے میڈیکل کالج ملے، 1400 سے زائد جن اوشدھی کیندر کھولے گئے، جس سے عوام کو سستی دوائیں دستیاب ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم نے مرکز کی جانب سے تمل ناڈو کو دی جا رہی مالی امداد اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی زور دیا، اور کہا کہ ریاست کا ریلوے بجٹ سات گنا بڑھا دیا گیا ہے۔
پیمبن برج جیسے جدید منصوبوں کو مثال بناتے ہوئے مودی نے کہا کہ تمل ناڈو نہ صرف جنوبی بھارت بلکہ پورے ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے زبان کے مسئلے پر بھی ریاستی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اکثر مرکزی حکومت کو جو خط ملتے ہیں، ان پر تمل لیڈران تمل زبان میں دستخط نہیں کرتے۔