دہلی میں شاندار بہار دِوَس تقریب، جے پی نڈا کا زبردست خطاب

دہلی میں بی جے پی پروانچل مورچہ کے زیر اہتمام بہار دِوَس منایا گیا، جہاں جے پی نڈا نے بہار کی ترقی اور این ڈی اے حکومت کے کردار پر روشنی ڈالی، جب کہ قیادت نے آئندہ انتخابات میں حمایت کا عزم کیا۔
دہلی پردیش بی جے پی کے تحت پروانچل مورچہ نے ’ایک بھارت – شریشٹھ بھارت سنیہ ملن‘ کے تحت ہفتے کے روز امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر، دہلی میں بہار دِوَس کا شاندار انعقاد کیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا تھے، جب کہ صدارت دہلی بی جے پی کے صدر ویرندر سچدیوا نے کی۔ اس موقع پر بہار کی ثقافت، چھٹھ پوجا، لوک روایات، لوک فنون اور بہار کی مختلف جھانکیاں پیش کی گئیں۔
جے پینڈا نے اپنے خطاب میں بہار سے جڑے اپنے ابتدائی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہار کی سرزمین ہمیشہ سے اہم رہی ہے، چاہے وہ دنیا کو پہلا جمہوری نظام دینے کی بات ہو، گاندھی جی کا چمپارن آندولن ہو یا جے پی آندولن۔ انھوں نے 1990 کے بعد بہار میں لالو یادو کے دور حکومت کے دوران بدحالی، اغوا کو ایک صنعت بننے اور تعلیمی و انفراسٹرکچر نظام کے زوال کا ذکر کیا۔ اس کے بعد انھوں نے 2005 میں این ڈی اے حکومت کے قیام کے بعد بہار کے ترقی کے سفر پر روشنی ڈالی اور یہ بھی بتایا کہ مرکز میں نریندر مودی کی حکومت آنے کے بعد نتیش کمار اور وزیر اعظم مودی کی مشترکہ کوششوں سے بہار میں قانون و انتظام، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کو کس طرح فروغ ملا۔
بہار دِوَس کے اس شاندار پروگرام کے کامیاب انعقاد میں پروانچل مورچہ کے صدر سنتوش اوجھا کا اہم کردار رہا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرح دہلی میں بی جے پی کو اقتدار میں لانے میں پروانچلیوں نے اہم کردار ادا کیا، اسی طرح آئندہ بہار اسمبلی انتخابات میں بھی این ڈی اے کی جیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس پروگرام میں کئی اہم شخصیات موجود تھیں، جن میں سابق ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ منوج تیواری، مرکزی وزیر مملکت ہریش ملہوترا، ارکان پارلیمنٹ کمل جیت سہراؤت، بَنسُری سُوراج، دہلی حکومت میں وزیر آشیش سود، بی جے پی کے نائب صدر اور NDMC کے رکن دِنیش پرتاپ سنگھ، ارکان اسمبلی ابھی ویرما، چندن چودھری، اور کئی دیگر پارٹی رہنما اور ہزاروں کارکنان شامل تھے۔