کنال کامرا مشکل میں! شیو سینا کی دھمکیاں، پولیس کا شکنجہ سخت

مزاحیہ فنکار کنال کامرا کی ایکناتھ شندے پر تنقید کے بعد شیو سینا برہم، وزیر شنبھوراج دیسائی نے دھمکی دی جب کہ پولیس نے 31 مارچ کو طلب کر لیا۔
معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر طنز کے بعد شدید تنازع میں گھر گئے ہیں۔ جہاں ایک طرف ممبئی پولیس نے ان پر شکنجہ کس دیا ہے، وہیں شیو سینا کے رہنما اور مہاراشٹر کے وزیر شنبھوراج دیسائی نے انھیں کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا،’’کنال کامرا بتائیں کہ وہ کس بل میں چھپے ہیں، ہم انھیں سڑک پر گھسیٹ کر سبق سکھائیں گے۔‘‘انھوں نے مزید کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ نے شیو سینکوں کو روکا ہوا ہے، ورنہ وہ کامرا کو ’’پرساد‘‘دینے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔
یہ تنازع تب شروع ہوا جب کنال کامرا نے اپنے شو ’’نیا بھارت‘‘ میں فلم دل تو پاگل ہے کے گانے کی پیروڈی کے ذریعے ایکناتھ شندے پر طنز کیا۔ انھوں نے بغیر نام لیے’’غدار‘‘ کا لفظ استعمال کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا اور شیو سینا کے کارکنوں نے ان کے خلاف محاذ کھول دیا۔
اس معاملے میں ممبئی پولیس بھی متحرک ہو گئی ہے اور کھار پولیس اسٹیشن نے کنال کامرا کو 31 مارچ کو صبح 11 بجے طلب کر لیا ہے۔ پہلے جاری کیے گئے سمن پر کامرا نے 2 اپریل تک کی مہلت مانگی تھی، لیکن پولیس نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔
دوسری طرف، کنال کامرا اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور معافی مانگنے سے انکار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے کوئی غلط بات نہیں کہی۔ ادھر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا کہ کنال کامرا کو اپنی باتوں پر معافی مانگنی چاہیے، جب کہ اپوزیشن جماعتیں کامیڈین کے حق میں کھڑی ہوگئی ہیں۔
یہ معاملہ مہاراشٹر کی سیاست میں ایک نیا طوفان کھڑا کر چکا ہے، جہاں ایک طرف شیو سینا اور حکومتی حلقے سخت برہم ہیں، وہیں اپوزیشن اور کئی فنکار آزادیِ اظہارِ رائے کی حمایت میں سامنے آ رہے ہیں۔