بارہ مارچ کو بنارس میں تقویم النحو، گنج ارشدی اور یاد مجمع البحرین کی تقریب رونمائی

بنارس میں حضرت مجمع البحرین، علامہ مفتی عبید الرحمن پورنوی رشیدی علیہ الرحمہ کے پہلے عرسِ مبارک پر 11 رمضان 1446ھ (12 مارچ 2025ء) کو دار العلوم طیبیہ معینیہ، منڈواڈیہ میں تین اہم کتب کی رونمائی کی جائے گی۔
بنارس: حضرت مجمع البحرین، علامہ مفتی عبید الرحمن پورنوی رشیدی علیہ الرحمہ کے پہلے عرسِ مبارک کے موقع پر ایک علمی و روحانی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ تقریب دار العلوم طیبیہ معینیہ، منڈواڈیہ، بنارس میں 11 رمضان المبارک 1446ھ مطابق 12 مارچ 2025ء، بروز بدھ منعقد ہوگی جس میں شاہ عبد العلیم آسی فاؤنڈیشن کی جانب سے شائع شدہ تین اہم اور وقیع کتب کی رونمائی کی جائے گی۔ پہلی کتاب ” تقویم النحو” ہے جو عربی زبان میں عربی قواعد و نحو کے دقیق موضوعات پر مبنی ہے، جسے شیخ قمر الحق غلام رشید عثمانی جونپوری علیہ الرحمہ نے تحریر کیا ہے۔ اس کی تحقیق، تدوین اور تقریباً پچاس صفحات پر مشتمل عربی زبان میں تقدیم کا فریضہ معروف ادیب و محقق جناب محمد شہباز عالم (ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف عربک، سیتل کوچی کالج، کوچ بہار) نے انجام دیا ہے۔ دوسری کتاب “گنجِ ارشدی” (جلد اول) فارسی زبان میں تصوف و طریقت کے آداب، علما و صوفیہ کے احوال اور ان کے علمی و دینی آثار پر ایک عظیم دستاویز ہے، جس کی ترتیب و تدوین شیخ قمر الحق غلام رشید عثمانی جونپوری نے کی ہے اور اردو زبان میں اس کے ترجمہ و تحقیق کا کام رشیدیات کے عظیم شناسا مولانا محمد ابرار رضا مصباحی نے انجام دیا ہے، جبکہ معروف کہنہ مشق ادیب و محقق مولانا محمد عارف اللہ فیضی مصباحی نے اس پر نظر ثانی کی ہے۔ تیسری اہم کتاب “یادِ مجمع البحرین” حضرت مجمع البحرین علامہ مفتی عبید الرحمن پورنوی رشیدی علیہ الرحمۃ کی حیات زریں، علمی و تدریسی، فقہی و تحریری، دعوتی و تبلیغی خدمات اور روحانی فیوض و برکات کے حوالے سے ارباب علم و دانش کے تأثرات پر مشتمل ہے ۔ اس کتاب کو بھی مولانا محمد ابرار رضا مصباحی نے مرتب کیا ہے، اور اس کی نظر ثانی مولانا محمد عارف اللہ فیضی مصباحی نے کی ہے۔ یہ تقریب ایک علمی و ادبی سنگ میل ثابت ہوگی، جس میں علما، محققین اور شائقینِ علم و ادب کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ اس موقع پر اہلِ علم و فضل ان کتب کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالیں گے، اور حضرت مجمع البحرین مفتی عبید الرحمن پورنوی رشیدی علیہ الرحمہ کی علمی و روحانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔