وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ اور زیلینسکی کی تلخ تکرار

وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر زیلینسکی کے درمیان سخت تکرار ہوئی، جس پر ریپبلکنز نے ٹرمپ کی حمایت کی جب کہ ڈیموکریٹس نے تنقید کی۔ زیلینسکی کو کسی معاہدے پر دستخط کیے بغیر واپس بھیج دیا گیا، جس سے یوکرین کے لیے امریکی فوجی امداد خطرے میں پڑ گئی۔
گزشتہ دنوں وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر ولودیمیر زیلینسکی کے درمیان سخت تکرار ہوئی۔ اس واقعے پر زیلینسکی کو یورپ کے کئی ممالک کی حمایت حاصل ہوئی، جب کہ روس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرینی رہنما کو وہی ملا جس کے وہ حقدار تھے۔ لیکن آئیے جانتے ہیں کہ اس معاملے پر امریکی شہریوں کا کیا ردعمل تھا۔امریکہ میں زیادہ تر ریپبلکنز نے اوول آفس میں زیلینسکی کے ساتھ تنازع کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کی حمایت کی۔
رپورٹ کے مطابق، سینیٹر لنڈسے گراہم نے مشورہ دیا کہ زیلینسکی کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جمعہ کو ہونے والے تنازع نے یوکرین کے لیے مستقبل میں امریکی فوجی امداد کو خطرے میں ڈال دیا ہے، لیکن ایک اور ریپبلکن سینیٹر نے ٹرمپ پر ’’پیوٹن کو گلے لگانے‘‘ کا الزام لگایا۔
زیلینسکی کو امریکہ کے ساتھ کسی معاہدے پر دستخط کیے بغیر وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے لیے کہا گیا تھا۔ ہفتہ کو کنگ چارلس سے ملاقات سے ایک دن قبل، برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے ڈاؤننگ اسٹریٹ میں زیلینسکی کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
‘تعلقات آگے بڑھانے کے بجائے’
قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے ہفتہ کے روز Breitbart News کو بتایا کہ زیلینسکی حقائق کی تصدیق پر حد سے زیادہ زور دے رہے تھے۔ انھوں نے اس کا موازنہ ایک سابقہ محبوبہ سے کیا جو تعلقات کو آگے بڑھانے کے بجائے نو سال پہلے کہی گئی ہر بات پر بحث کرتی ہے۔
ڈیموکریٹس نے کہا کہ وہ ایک امریکی اتحادی کے ساتھ اس جھڑپ سے خوفزدہ ہیں، جب کہ واشنگٹن میں زیادہ تر ریپبلکنز نے ٹرمپ کی حمایت کی۔
‘جو کچھ میں نے دیکھا، وہ توہین آمیز تھا’
یوکرین کی امداد کے حامی اور خارجہ پالیسی کے حامی سینیٹر گراہم نے جمعہ کو وائٹ ہاؤس سے نکلتے وقت کہا، “اوول آفس میں جو کچھ میں نے دیکھا، وہ توہین آمیز تھا اور مجھے نہیں معلوم کہ ہم زیلینسکی کے ساتھ کبھی کاروبار کر بھی سکیں گے یا نہیں۔”
الباما کے سینیٹر ٹامی ٹیوبر ویل نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر لکھا، “صدر ٹرمپ نے جو سب سے اچھا کام کیا، وہ اس یوکرینی چوہے کو وائٹ ہاؤس سے نکالنا تھا۔”
‘مجھے بہت برا لگا’
الاسکا کی سینیٹر لیزا مرکووسکی، جو ایک اعتدال پسند ریپبلکن ہیں اور ٹرمپ کے لیے سیاسی طور پر مشکلات کھڑی کر سکتی ہیں، نے سوشل میڈیا پر لکھا، “مجھے بہت برا محسوس ہو رہا ہے، کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ انتظامیہ ہمارے اتحادیوں سے دور جا رہی ہے اور پیوٹن کو گلے لگا رہی ہے۔”نیو یارک کے ریپبلکن نمائندے مائیک لاہلر نے اس ملاقات کو امریکہ اور یوکرین دونوں کے لیے ایک “کھویا ہوا موقع” قرار دیا۔
نیبراسکا کے نمائندے ڈان بیکن نے کہا کہ یہ “امریکہ کی خارجہ پالیسی کے لیے ایک برا دن تھا۔”
کسی بھی ریپبلکن نے براہ راست ٹرمپ یا وینس پر تنقید نہیں کی۔ اس دوران، ڈیموکریٹس نے وائٹ ہاؤس پر تنقید کی۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹک رہنما چک شومر نے کہا، “ٹرمپ اور وینس پیوٹن کے لیے گندا کام کر رہے ہیں۔”
سینیٹر کرس کونز نے کہا کہ “زیلینسکی اس سے بہتر کے حقدار تھے۔”
‘امریکی حمایت اہم ہے’
وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ساتھ سخت لہجے میں بحث کے برعکس، یوکرینی صدر زیلینسکی نے ہفتہ کو کہا کہ روس کے ساتھ جنگ میں امریکی حمایت بہت اہم ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ یوکرین کو سیکیورٹی گارنٹی کے بدلے امریکہ کے ساتھ معدنی وسائل کے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔