کیجریوال کے بنگلے کی مرمت میں غیر قانونی اخراجات کا انکشاف

بی جے پی حکومت آج اسمبلی میں CAG کی رپورٹ پیش کرے گی جس میں سابقہ AAP حکومت کے دوران وزیر اعلیٰ کے بنگلے کی مرمت میں بے ضابطگیوں اور 342% اضافی خرچ کا انکشاف کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں 6 فلیگ اسٹاف روڈ والے بنگلے کے غیر قانونی توسیع اور کورونا کے دوران مرمت کے کام کی تفصیلات شامل ہیں۔
دہلی میں بی جے پی آج اسمبلی میں CAG کی رپورٹ پیش کرے گی، جس میں سابقہ AAP حکومت کے دوران وزیر اعلیٰ کے گھر اور محلہ کلینک کے تزئین و آرائش میں مبینہ بے ضابطگیوں سمیت دیگر مسائل پر انکشافات کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں اُس بنگلے کا ذکر ہے جہاں دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال رہتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق 6 فلیگ اسٹاف روڈ والے بنگلے کو بڑا کرنے کے لیے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیمپ آفس اور اسٹاف بلاک کو بھی شامل کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 6 فلیگ اسٹاف روڈ پر وزیر اعلیٰ کے گھر کے مرمت کے کام کے لیے، پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (PWD) نے ٹائپ VII اور VIII کے گھروں کے لیے سینٹرل پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (CPWD) کے مطابق 7.91 کروڑ روپے کا بجٹ بنایا تھا۔ دہلی پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ نے اس کام کو انتہائی ضروری قرار دیا تھا۔ یہ مرمت کا کام کورونا کے دوران مکمل ہوا تھا۔