دہلی میں دس لاکھ تک مفت علاج کی سہولت

دہلی میں آیؤشمان بھارت یوجنا کو کابینہ نے منظوری دے دی، جس کے تحت 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت ملے گی۔ اس یوجنا کا فائدہ 70 سال سے زائد عمر کے سینئر سٹیزن اور دیگر مستفیدین کو بھی ہوگا۔
مرکزی حکومت کی آیوشمان بھارت یوجنا اب دہلی میں بھی شروع ہونے جا رہی ہے۔ کابینہ نے اس یوجنا کو دہلی میں منظوری دے دی ہے۔ جمعرات کو حکومت کی تشکیل کے بعد وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں بی جے پی کی پہلی کابینہ میٹنگ ہوئی، جس میں آیوشمان بھارت یوجنا کو منظوری دی گئی۔ اس یوجنا کے تحت 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ اس یوجنا کے تحت دہلی کے مستفیدین کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت ملے گی، جس میں 5 لاکھ کا ہیلتھ کوریج دہلی حکومت اور 5 لاکھ کا کوریج مرکزی حکومت کی طرف سے فراہم کیا جائے گا۔ آیؤشمان کارڈ ہولڈرز دہلی کے سرکاری اور مرکزی حکومت کی صحت اسکیم کے تحت امپینلڈ کسی بھی پرائیویٹ اسپتال میں 10 لاکھ روپے تک کا علاج کروا سکیں گے۔
آیؤشمان یوجنا کی شرائط کے مطابق 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام سینئر سٹیزن کو خاندان کی بنیاد پر سالانہ 10 لاکھ روپے تک کا کور دیا جائے گا۔ اگر وہ پہلے ہی کسی یوجنا کے تحت کورمیں ہیں تو انہیں اس یوجنا کے تحت 5 لاکھ روپے کا کوردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اگر وہ صحت بیمہ یا پرائیویٹ ہیلتھ انشورنس کا فائدہ لے رہے ہیں تو بھی آیؤشمان یوجنا کے نئے کارڈ کے تحت سالانہ 5 لاکھ روپے کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔