ستائیس سال بعد دہلی میں بی جے پی حکومت بنانے جا رہی

بی جے پی 27 سال بعد دہلی میں حکومت بنانے جا رہی ہے، اور 18 فروری کو وزیر اعلیٰ کی حلف برداری رام لیلا میدان میں ہونے کا امکان ہے۔ پارٹی میں ابھی وزیر اعلیٰ کے نام پر غور جاری ہے، لیکن حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
بی جے پی 27 سال بعد دہلی میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری 18 فروری کو ہو سکتی ہے، اور یہ تقریب رام لیلا میدان میں ہونے کا امکان ہے۔
اس سے پہلے، بی جے پی نے پیر کے روز ودھایک دل (اراکین اسمبلی) کی میٹنگ بلائی تھی، لیکن بعد میں اسے ملتوی کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے قبل پارٹی اپنے اراکینِ اسمبلی سے مشاورت کرے گی، تاہم اس اجلاس کی حتمی تاریخ پر کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
دہلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے بی جے پی میں گزشتہ کئی دنوں سے اعلیٰ سطحی غور و فکر جاری ہے۔ پرَویش ورما، آشیش سود اور ریکھا گپتا سمیت کئی ناموں پر قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، لیکن پارٹی قیادت نے ابھی تک کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا۔
بی جے پی نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے امریکہ سے واپسی کے بعد دہلی میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم 10 سے 13 فروری تک فرانس اور امریکہ کے سرکاری دورے پر تھے۔