دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف میں تقریب ختمِ بخاری شریف 9 فروری کو

ختم بخاری جانشین مفتی اعظم راجستھان حضرت علامہ مفتی شیر محمد خان صاحب رضوی کروائیں گے
سہلاؤ شریف/باڑمیر (پریس ریلیز )
مغربی راجستھان کی عظیم وممتازاور علاقہ تھار کی مرکزی دینی درسگاہ “دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف” میں حسب سابق اس سال بھی 157ویں عرسِ بخاری و سالانہ جلسہ دستارِ فضیلت کی پُرنور اور روح پرور محفل منعقد ہوگی۔ اس مبارک موقع پر 9 فروری کو بعد نمازِ ظہر تقریبِ ختمِ بخاری شریف کا شاندار اہتمام کیا گیا ہے، جس میں علما، مشائخ، فضلا اور طلبہ کی کثیر تعداد شریک ہوگی۔
اس روحانی اور علمی محفل کی قیادت دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف کے مہتمم و شیخ الحدیث، نورالعلماء پیرِ طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی فرمائیں گے۔ اس بابرکت موقع پر جانشینِ حضور مفتیِ اعظم راجستھان، فخرِ اہلِ سنت حضرت علامہ الحاج مفتی شیر محمد خان صاحب رضوی مدظلہ العالی درجہ فضیلت مکمل کرنے والے طلبہ کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دے کر اس مقدس رسم کو ادا فرمائیں گے۔ اس کے بعد خصوصی دعا ہوگی، جس میں امتِ مسلمہ، ملک و ملت اور پوری انسانیت کے لیے خیروبرکت اور فلاح و کامیابی کی دعا مانگی جائے گی۔
اس پُرنور محفل میں ملک کے نامور علما و مشائخ کی شرکت بھی متوقع ہے، جو اپنے نورانی کلمات سے حاضرین کے قلوب کو منور کریں گے۔ دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف ہمیشہ سے علمی، روحانی اور اصلاحی خدمات کا مرکز رہا ہے، اور اس کی یہ عظیم الشان تقریب بھی اسی مشن کی ایک کڑی ہے۔
محققِ اعظم حضرت سیدنا شیخ عبدالحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ اپنی تصنیف لطیف “اشعة اللمعات” میں تحریر فرماتے ہیں:”مشائخ کرام اور علمائے عظام نے حصولِ مراد، دفعِ بلیات اور بیماریوں سے نجات، نیز جملہ مقاصدِ حسنہ میں کامیابی و کامرانی کے لیے بخاری شریف کے ختم کو تریاق اور نسخۂ کیمیا بتایا ہے۔”
اسی لیے اس مبارک و مسعود موقع پر ہر سال بارگاہِ ربِّ ذوالجلال میں مسلمانانِ عالم کے جان و مال اور ایمان کی بقا، عزت و آبرو کے تحفظ، اور تکمیلِ مقاصدِ حسنہ کے لیے دعا کی جاتی ہے۔
چونکہ ختمِ بخاری شریف کے وقت دعائیں قبول ہوتی ہیں، اس لیے تمام عاشقانِ علم و دین سے اپیل کی جاتی ہے کہ اس تاریخی اور ایمان افروز مجلس میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں تاکہ اس علمی و روحانی ماحول سے فیضیاب ہو سکیں۔
مذکورہ اطلاع دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا.