راہِ ہدایت

ماہِ شعبان: رمضان المبارک کا پیش خیمہ اور نیکیوں کی بہار

مولانا محمد شمیم احمد نوری مصباحی

ناظم تعلیمات:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف،باڑمیر(راجستھان)

اللہ تعالیٰ نے سال کے بارہ مہینوں میں بعض مہینوں کو خصوصی شرف و امتیاز بخشا ہے، جن میں ماہِ شعبان کو ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ یہ ماہِ رمضان المبارک کی تیاری کا پیش خیمہ بھی ہے اور نیکیوں کی بہار کا آغاز بھی۔ اس مبارک مہینے میں رحمتِ الٰہی کے دریچے کھل جاتے ہیں، عبادات کا ذوق پروان چڑھتا ہے، اور مؤمنین کے قلوب رمضان المبارک کی روحانی بہار کے استقبال کے لیے مستعد ہوتے ہیں۔

مشہور صحابیِ رسول حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ سے عرض کیا: “یا رسول اللہ! میں نے آپ کو کسی مہینے میں اتنے روزے رکھتے نہیں دیکھا جتنے آپ شعبان میں رکھتے ہیں؟” تو سرکار دو عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا: “یہ ایسا مہینہ ہے جو رجب اور رمضان کے درمیان واقع ہے، لوگ اس سے غفلت برتتے ہیں، حالانکہ اس میں اعمال اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں پیش کیے جاتے ہیں، اور میں پسند کرتا ہوں کہ میرے اعمال اس حال میں پیش ہوں کہ میں روزے سے ہوں۔” (سنن نسائی، سنن ابن ماجہ)

یہی وجہ ہے کہ محبوبِ خدا، سید الا انبیاء حضور نبی اکرم ﷺ اس مہینے میں بکثرت روزے رکھتے، عبادت وریاضت میں مشغول رہتے، اور اپنے صحابہ رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کو بھی اس کی برکات سمیٹنے کی تلقین فرماتے۔

شبِ برات، مغفرت و رحمت کی رات:

ماہِ شعبان کو ایک اور عظیم فضیلت اس کی پندرہویں شب کی وجہ سے حاصل ہے، جسے شبِ برات کہا جاتا ہے۔ یہ وہ رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے لیے مغفرت کے دروازے کھول دیتا ہے، بے شمار گناہگاروں کی بخشش فرماتا ہے اور مقدرات کے فیصلے صادر فرماتا ہے۔

جیساکہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ ایک مرتبہ میں نے نبی کریم ﷺ کو شبِ برات میں دیکھا کہ آپ جنت البقیع میں تشریف فرما تھے اور امت کی بخشش کے لیے دعا فرما رہے تھے۔ ایک اور روایت میں ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: “اللہ تعالیٰ اس شب میں آسمانِ دنیا پر نزول اجلال فرماتا ہے اور بنی کلب کی بکریوں کے بالوں سے زیادہ گناہگاروں کی مغفرت فرماتا ہے۔” (ترمذی، ابن ماجہ)

یہ رات بخشش و نجات، دعا و مناجات، اور اللہ تعالیٰ کے قرب کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہی وہ مقدس لمحات ہیں جن میں ہمیں اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے، اپنے دلوں کو توبہ کی روشنی سے منور کرنا چاہیے، اور نیکیوں کی راہ پر گامزن ہو کر رمضان المبارک کی عظیم برکتوں کے لیے خود کو تیار کرنا چاہیے۔

ماہِ شعبان میں نیک اعمال کی فضیلت:

ماہِ شعبان میں عبادات، تلاوتِ قرآن، درود شریف، نوافل، صدقہ و خیرات، اور استغفار کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے۔ اس مبارک مہینے میں کیے گئے نیک اعمال، رمضان المبارک میں قربِ الٰہی کے نور کو مزید جِلا بخشتے ہیں۔

لہٰذا، ہمیں چاہیے کہ ہم اس مہینے کی برکات سے فیض یاب ہونے کے لیے غفلت سے بیدار ہوں، اپنے قلوب کو ذکر و اذکار سے منور کریں، اور رحمتِ الٰہی کے خزانے سے زیادہ سے زیادہ حصہ پانے کی کوشش کریں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ماہِ شعبان کی برکتیں سمیٹنے، شبِ برات میں اپنے گناہوں کی معافی مانگنے، اور رمضان المبارک کے لیے خود کو روحانی طور پر تیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

راہِ ہدایت

وقفی قبرستان میں مزار کی تعمیر: شریعت کی روشنی میں

از: مفتی منظر محسن پورنوی بسم الله الرحمن الرحيم … حامدا و مصليا ومسلمااللهم هداية الحق والصواب حضرت مولانا یونس
راہِ ہدایت

ایمان: انسانیت کی اصل اور بندگی کی بنیاد

مخدوم شاہ طیب بنارسی ایمان تمام نیکیوں کی اصل اورجملہ عبادتوں کی جڑ ہے۔کوئی عبادت وطاعت درستیِ ایمان کے بغیر