یوپی میں دلت رائے دہندوں پر سب کی نظر
امیتابھ تیواری
اترپردیش میں اسمبلی انتخابات جیسے جیسے قریب آتے جارہے ہیں دلت رائے دہندوں کی اہمیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ بی جے پی سے لے کر ہر پارٹی دلت رائے دہندوں کو رجھانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہی ہے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ یہ دلت رائے دہندے ہندوستان کی اس سب سے بڑی ریاست میں اس بات کا فیصلہ کرسکتے ہیں کہ ریاست میں کس پارٹی کی حکومت بنے۔ ویسے بھی یوپی میں برسوں سے ذات پات کی سیاست ہوتی رہی ہے۔ ریاست میں درج فہرست طبقات یا ذاتیں جملہ آبادی کا 21 فیصد ہیں۔ کئی دہوں سے ان لوگوں کو مایاوتی کی بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی کٹر حامی سمجھا جاتا رہا ہے اور اب یہ سچ نہیں رہا۔ 2027ء اسمبلی انتخابات سے پہلے ہی بی جے پی، سماج وادی پارٹی ۔ کانگریس اتحاد اور آزاد سماج پارٹی جیسی نئی سیاسی جماعتیں دلت رائے دہندوں سے اپنی تائید و حمایت کی اُمید لگائے بیٹھے ہیں۔ انھیں اچھی طرح اندازہ ہے کہ درج فہرست طبقات جس کی تائید کریں گے اس کی حکومت بنے گی، باالفاظ دیگر دلت اترپردیش میں حکومت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ دلت آبادی کو شبھی، سیتاپور، ہردوئی، رائے بریلی اور اناؤ جیسے اضلاع میں اچھا خاصا اثر رکھتی ہے۔ مذکورہ اضلاع میں ان کی آبادی 30 فیصد سے زیادہ ہے۔ دوسری طرف شاملی، باغپت، مرادآباد، بریلی اور بلرام پور جیسے اضلاع میں دلتوں کی آبادی 11 تا 13 فیصد ہے۔ 8 اسمبلی حلقوں میں 10 فیصد سے کم ہے۔ 122 نشستوں کی اہمیت اس لئے بڑھ جاتی ہے کیوں کہ وہاں ایس سیز کی آبادی 20-30 فیصد ہے۔ ریاست کے جملہ 403 اسمبلی حلقوں میں سے 148 حلقوں میں دلتوں کی آبادی ریاستی اوسط سے زیادہ ہے اور یہ وہ نشستیں ہیں جہاں دلت نتائج پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ اگر ہم 148 ایسے حلقوں کا جائزہ لیتے ہیں جہاں دلتوں کا بہت زیادہ اثر پایا جاتا ہے ان میں 2012 ء کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو، 8 سماج وادی پارٹی کو 91، بی ایس پی کو 34، کانگریس کو 6 اور دیگر کو 9 حلقوں میں کامیابی ملی۔ 2017ء کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 118، سماج وادی پارٹی کو 14 ، بی ایس پی کو 9 ، کانگریس کو 3 اور دوسری سیاسی جماعتوں کو 4 حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔ اب چلتے ہیں 2022ء کے اسمبلی انتخابات میں ان سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کی طرف، بی جے پی کو 93، ایس پی کو 43 ، کانگریس اور بی ایس پی کو صفر اور دیگر جماعتوں کو 12 حلقوں میں کامیابی ملی۔ (دلتوں کے زیراثر حلقوں کا مطلب ایسے حلقے جہاں دلتوں کی آبادی 21 فیصد سے زائد ہو) دلتوں میں جاٹو اور غیر جاٹو شامل ہیں۔ جاٹو دلت رائے دہندوں کی تعداد 12 فیصد ہے اور جو روایتی طور پر بی ایس پی کے حامی رہے۔ غیر جاٹو ایس سیز رائے دہندوں کی تعداد 9 فیصد ہے لیکن یہ بہت زیادہ منتشر گروہ ہے اور بی ایس پی پوری طرح ان پر اپنی اجارہ داری قائم نہ کرسکی۔ بی ایس پی کو ان کی تائید 44 فیصد اور 54 فیصد کے درمیان رہی۔ وہ بھی 2017ء کے اسمبلی انتخابات میں جاٹو دو دہوں تک بی ایس پی کے وفادار رہے اور بی ایس پی کو ان کی 60 تا 87 فیصد تائید و حمایت حاصل رہی۔ 2022ء میں بھی بی ایس پی کو ان کی تائید حاصل رہی لیکن بی ایس پی کو صرف ایک سیٹ پر کامیابی ملی۔ 2024ء میں بی ایس پی کو جاٹوؤں کی تائید گرکر 44 فیصد ہوگئی۔ غیر جاٹوؤں نے پہلے بی ایس پی سے دوری اختیار کی۔ اس طرح 2017ء کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو غیر جاٹو رائے دہندوں کی تعداد 7 فیصد سے بڑھ کر 33 فیصد ہوگئی۔ اس طرح اُسے 26 نکات کا فائدہ حاصل ہوا اور 2022ء میں بڑھ کر 40 فیصد ہوگئی۔ بی جے پی نے اپنی خصوصی سیاسی حکمت عملی کے ذریعہ ان دونوں گروہوں کے اختلافات کا بھرپور فائدہ اُٹھاکر اعلیٰ ذات، غیر یادو او بی سیز اور غیر جاٹو ایس سیز کا ایک اتحاد تیار کرلیا جو جملہ آبادی کا 60 فیصد بنتے ہیں۔ اس دوران بی ایس پی کو غیر جاٹوؤں کی جو تائید تھی وہ گرکر 2022ء میں 27 ہوگئی اور 2024ء کے دوران اس میں مزید گراوٹ آئی جب کہ 2017ء تک بھی بی جے پی کو جاٹوؤں کی تائید یک ہندسی ہوا کرتی تھی۔ 2022ء میں وہ بڑھ کر 20 فیصد اور 2024ء میں 24 فیصد ہوگئی۔ 2024ء کے عام انتخابات میں یہ پیاٹرن پوری طرح ٹوٹ گیا۔ غیر جاٹو ایس سی سپورٹ (ایس پی اور اس کے اتحادیوں بشمول کانگریس) کو 2022ء میں 23 فیصد سے بڑھ کر 56 فیصد ہوگئی۔ اس طرح بی جے پی کو غیر جاٹو تائید 40 فیصد سے گھٹ کر 29 فیصد ہوگئی۔ اس اتحاد میں کانگریس کی موجودگی مددگار ثابت ہوئی۔ کیوں کہ اس نے یہ نعرہ لگایا کہ دستور اور تحفظات خطرہ میں ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ اترپردیش میں بی ایس پی کمزور پڑگئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ مایاوتی زیادہ سرگرم نہیں ہیں اس وجہ سے اسے بی جے پی کی بی ٹیم کہا جارہا ہے اور یہ لیبل مایاوتی اور بی ایس پی دونوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ مایاوتی کے بارے میں یہی تصور کیا جاتا ہے کہ وہ حکمراں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لئے ووٹ تقسیم کررہی ہے۔ ان حالات میں چندرشیکھر آزاد راون کی آزاد سماج پارٹی مایاوتی کی چھوڑی ہوئی خلاء کو پُر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ چندرشیکھر آزاد کو دلت نوجوانوں میں کافی مقبولیت بھی حاصل ہورہی ہے۔ انھوں نے نگینہ لوک سبھا حلقہ سے کامیابی حاصل کی۔ اگرچہ ان کی پارٹی کی رسائی ہنوز محدود ہے جبکہ مایاوتی کے بھتیجہ آکاش آنند بھی بی ایس پی کے ووٹ کو مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھیں مایاوتی نے پارٹی کا قومی کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے حالانکہ اس سے 25 دن قبل آکاش کو مایاوتی نے پارٹی سے نکال دیا تھا۔ ایس پی عام زمرہ اور غیر محفوظ زمرہ کی حامل نشستوں پر بھی ایس سی امیدواروں کو میدان میں اُتارنے کا منصوبہ بنارہی ہے کیوں کہ 2024ء کے عام انتخابات میں اس کی یہ سیاسی چال کامیاب رہی جب پارٹی نے ایودھیا کی پارلیمانی نشست سے ایک دلت امیدوار کو میدان میں اُتارا اور وہ کامیاب بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ سماج وادی چھاتر سبھا کے ڈریس کیلئے نیلے رنگ کو اپنایا۔ بی ایس پی کے کمزور ہونے کا سب سے زیادہ فائدہ بی جے پی کو نہیں بلکہ سماج وادی پارٹی کو ہوا۔






