دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف میں 76واں یوم جمہوریہ تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا

سہلاؤ شریف، باڑمیر (پریس ریلیز)
پورے ملک کی طرح ضلع باڑمیر کے علاقہ تھار میں بھی 76واں یوم جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ضلع کے مختلف مدارس، اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ اسی ضمن میں دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف اور اس کی تمام تعلیمی شاخوں میں بھی یوم جمہوریہ کا عظیم الشان جشن منایا گیا۔
تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جہاں حضرت پیر سید داون شاہ بخاری اور دارالعلوم کے مہتمم و شیخ الحدیث نورالعلماء پیر طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی نے معزز اساتذہ کرام کے ہمراہ ترنگا لہرا کر ملک کی سالمیت اور ترقی کے لیے دعا کی۔ اس کے بعد حاضرین نے اجتماعی طور پر قومی ترانہ پیش کیا، جس سے حب الوطنی کا جذبہ مزید اجاگر ہوا۔
اس موقع پر دارالعلوم انوار مصطفیٰ و انوارمصطفیٰ سینئر سیکنڈری اسکول کے طلبہ نے رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا، جس میں عملی پریڈکا مظاہرہ، ملی و قومی نغمے، تقاریر اور دیگر دلچسپ سرگرمیاں شامل تھیں۔ طلبہ نے اردو، ہندی اور انگریزی زبانوں میں یوم جمہوریہ کی تاریخی اہمیت اور آئین کی پاسداری پر مدلل تقاریر پیش کیں، جنہیں سامعین نے بے حد سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حضرت علامہ سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی نے یوم جمہوریہ کی اہمیت اور اس دن کی تاریخی حیثیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے اور اس کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا چاہیے۔ مزید برآں، انہوں نے علم کی روشنی کو عام کرنے اور نوجوان نسل کو تعلیم و تربیت کی طرف راغب کرنے پر زور دیا۔
پروگرام کی نظامت انوارمصطفیٰ سینئر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل ماسٹر محمد یونس خان صاحب نے کی-
اس موقع پر دارالعلوم و سینئر سیکنڈری اسکول کے اساتذہ، طلبہ اور علاقے کے معززین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اور آخر میں عمدہ مٹھائیوں سے سبھی شرکاء کا منہ میٹھا کیا گیا-
مذکورہ اطلاع دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا –