کولکاتا میں 17واں آل انڈیا اردو کتاب میلہ کا آغاز

کولکاتا: مغربی بنگال اردو اکیڈمی
کولکاتا: مغربی بنگال اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام اور اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم کے تعاون سے 17واں آل انڈیا اردو کتاب میلہ کا آغاز آج 17 جنوری 2025 کو حاجی محمد محسن اسکوائر، رفیع احمد قدوائی روڈ، کولکاتا میں ہوا۔ اس کتاب میلہ کا افتتاح مغربی بنگال کے وزیر تعلیم جناب براتیہ باسو نے کیا۔
افتتاحی تقریب کی صدارت جناب محمد ندیم الحق (ایم پی، راجیہ سبھا) نے کی، جو مغربی بنگال اردو اکیڈمی کے وائس چیئرمین ہیں۔ مہمانانِ خصوصی میں ڈاکٹر پی بی سلیم، آئی اے ایس (سکریٹری، اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم محکمہ، حکومت مغربی بنگال)، جناب جی ایچ عبید الرحمٰن، آئی اے ایس (او ایس ڈی، اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم محکمہ، حکومت مغربی بنگال)، اور ڈاکٹر شکیل احمد، آئی اے ایس (سینئر اسپیشل سکریٹری، اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم محکمہ، حکومت مغربی بنگال) شامل تھے۔
تقریب کا آغاز جناب سید محمد شہاب الدین حیدر کے خیر مقدمی خطاب سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر دبیر احمد نے انجام دیے۔
یہ کتاب میلہ 17 سے 26 جنوری 2025 تک جاری رہے گا، جو روزانہ صبح 12 بجے سے شام 8 بجے تک، جبکہ اتوار کو صبح 11 بجے سے رات 8 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ کتاب میلہ میں ملک بھر کے معروف اشاعتی ادارے اور کتاب دوست افراد شرکت کر رہے ہیں۔
اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے یہ کتاب میلہ ایک اہم موقع ہے، جہاں عوام کو اردو کتابوں کے وسیع ذخیرے تک رسائی حاصل ہوگی۔