ایک سو ستاون واں عرس بخاری و سالانہ جلسہ دستار فضیلت، مسرت و ملال کے ملے جلے جذبات میں انعقاد

مجذوب صفت درویش حضرت سید داون شاہ بخاری کا وصال— علمی و روحانی ماحول سوگوار، اکابر علما و مشائخ کی تعزیت
سہلاؤ شریف، باڑمیر (پریس ریلیز)
مغربی راجستھان کی عظیم و ممتاز اور علاقۂ تھار کی مرکزی دینی درسگاہ دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف میں حسب روایت سابقہ قطبِ تھار حضرت پیر سید حاجی عالی شاہ بخاری علیہ الرحمہ کا 157واں، حضرت پیر سید علاؤالدین شاہ بخاری علیہ الرحمہ کا 53واں اور بانی دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ مخدومِ زماں حضرت پیر سید کبیر احمد شاہ بخاری علیہ الرحمہ کا 11واں عرس بخاری 10 شعبان المعظم 1446ھ مطابق 9 فروری 2025ء کو منعقد ہوا۔ اس بابرکت موقع پر ملک و ملت بالخصوص راجستھان گجرات کے نامور علما، سادات کرام، مشائخ عظام اور ہزاروں عقیدت مند دارالعلوم میں حاضر تھے۔
مجلس ختم بخاری شریف— روحانی و علمی برکات:
سالانہ جلسہ دستارِ فضیلت میں حسبِ روایت مجلس ختم بخاری شریف منعقد ہوئی۔ حافظِ احادیثِ کثیرہ حضرت علامہ مفتی شعیب عالم صاحب اکبری (سابق شیخ الحدیث، دارالعلوم فیض اکبری، لونی شریف) نے امسال کے فارغین فضیلت کو بخاری شریف کی آخری حدیث کو پڑھا کر اس مقدس رسم کو ادا کیا۔ یہ عظیم لمحہ تھا، جہاں علمی برکات کی برسات ہو رہی تھی اور دلوں میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی شمعیں روشن ہو رہی تھیں۔
غم کی خبر نے خوشیوں کے ماحول کو سوگوار کر دیا:
روحانی کیف و سرور میں ڈوبی محفلِ عرس اپنے شباب پر تھی کہ یکایک سوگوار کر دینے والی خبر موصول ہوئی کہ خانقاہِ عالیہ بخاریہ کے سجادہ نشین پیرطریقت نورالعلماء حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کے برادرِ صغیر، مجذوب صفت درویش کامل حضرت پیر سید داون شاہ بخاری کا وصالِ پُرملال ہوگیا۔ جیسے ہی یہ المناک خبر پہنچی، خانقاہ اور دارالعلوم کا ماحول مغموم ہو گیا۔ ہر آنکھ اشکبار، ہر دل غمزدہ، ہر زبان پر کلمہ استرجاع و استغفار جاری ہوگئی۔
تجہیزوتکفین اور جنازہ— ہزاروں عقیدت مندوں کا سیلاب:
مرحوم کے جسدِ خاکی کو کوٹ شریف(قبلہ پیر صاحب کے دولت کدہ) میں لایا گیا، جہاں اہلِ خانہ، مریدین، متوسلین اور عقیدت مندوں پر گویا غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ علما و سادات کرام نے تجہیز و تکفین کے انتظامات سنبھالے۔
نمازِ جنازہ حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی اجازت و خواہش پر غازیِ ملت حضرت علامہ سید محمد ہاشمی میاں اشرفی جیلانی (سجادہ نشین، آستانہ محدثِ اعظم ہند، کچھوچھہ مقدسہ) کی اقتدا میں ادا کی گئی، جس میں سیکڑوں علماء اورہزارہا ہزار افراد شریک ہوئے۔
بھیڑ کو سنبھالنے میں شیرِ راجستھان حضرت علامہ مفتی شیر محمد خان صاحب قبلہ رضوی اور دیگر علما نے بہترین تدبیر کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں حضرت پیر سید داون شاہ بخاری علیہ الرحمہ کو اپنے والدِ گرامی، مخدومِ زماں حضرت پیر سید کبیر احمد شاہ بخاری علیہ الرحمہ کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔
غم کی گھڑی میں بھی علمی و روحانی چراغ روشن رہے:
اس دل سوز موقع پر بعض افراد نے سوشل میڈیا پر افواہ پھیلادی کہ عرس و جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے، جس کی فوراً تردید کرتے ہوئے دارالعلوم و خانقاہ کے ذمہ داران نے اعلان کیا کہ تمام تقریبات حسبِ سابق جاری رہیں گی، مگر مختصر انداز میں۔
چنانچہ بعد نمازِ مغرب اجتماعی فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت ہوئی۔ معروف نعت خواں حضرت قاری محمد شریف صاحب باسنی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نہایت ہی پرسوز نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔
اس کے بعد جانشین مفتی اعظمِ راجستھان حضرت علامہ مفتی شیر محمد خان صاحب قبلہ رضوی نے بصیرت افروز خطاب فرمایا، جس میں حضرت پیر سید داون شاہ بخاری علیہ الرحمہ کی سیرت و خصائل پر روشنی ڈالی اور والدین کو اپنے بچوں کی دینی تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین کی۔
اس کے بعد امسال دارالعلوم سے 13 فضلا کو دستارِ فضیلت اور 18 طلبہ کو قراءت و تجوید کی دستار و اسناد دی گئیں۔
غازی ملت کا روح پرور خطاب، موت کی حقیقت سے آگاہی:
آخری اور خصوصی خطاب حضرت علامہ سید محمد ہاشمی میاں اشرفی جیلانی نے فرمایا، جنہوں نے “کل نفس ذائقة الموت” کے عنوان سے موت کی حقیقت، اس کے اسرار و رموز پر روشنی ڈالی اور حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی اور خانوادۂ بخاریہ کو صبر و استقامت کی تلقین کی۔
تقریبات کا اختتام، صلوۃ و سلام کی گونج میں دعائیں:
بعدہ صلوۃ و سلام اور رقت آمیز دعا کے ساتھ تقریباً ساڑھے نو بجے عرس بخاری و سالانہ جلسہ دستارِ فضیلت کی بابرکت محفل اختتام پذیر ہوئی۔
اللہ تعالیٰ حضرت پیر سید داون شاہ بخاری علیہ الرحمہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور خانوادہ بخاریہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین!
رپورٹ: محمد شمیم احمد نوری مصباحی
خادم: دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف، باڑمیر (راجستھان)