خبرنامہ

چوپڑا کالج میں ماسٹر عبد الواحد مخلص کی یاد میں تعزیتی اجلاس

اردو کے مخلص سفیر اور معروف معلم ماسٹر عبد الواحد مخلص مرحوم (وفات: 12 ستمبر 2025) کی یاد میں بتاریخ 21 ستمبر، 2025ء، صبح دس بجے سے ایک بجے تک چوپڑا کالج، چوپڑا، ضلع اُتر دیناج پور، مغربی بنگال میں ایک شاندار تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولانا شاداب حسین نے حاصل کی۔تقریب کی نظامت کا فریضہ پروفیسر محمد شہباز عالم (سیتل کوچی کالج، کوچ بہار) نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیا۔
سب سے پہلے ڈاکٹر شہباز عالم نے مرحوم کی شخصیت اور خدمات پر اپنے تاثرات پیش کیے۔ اس کے بعد ماسٹر افتخار الحق نے شاگرد ہونے کی حیثیت سے اپنے استاد کو یاد کیا، جبکہ ماسٹر جاوید اقبال نے رفیقِ کار کے طور پر اپنی یادداشتیں بیان کیں۔ ماسٹر ابو سعد نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
مولانا نثار دیناج پوری نے اظہارِ خیال کے ساتھ معیاری تعزیتی اشعار بھی پیش کیے، جب کہ مولانا محسن دیناج پوری نے بھی منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر صادق الاسلام نے مرحوم کی مخلصانہ تحریکی اور سماجی خدمات کا تفصیلی ذکر کیا۔
کانکی ہائی اسکول کے معروف اردو استاذ ماسٹر طیب فرقانی نے اپنے خطاب میں یہ تجویز رکھی کہ مرحوم کے ادبی و علمی کاموں کو محفوظ کر کے منظر عام پر لایا جائے۔ انہوں نے تین نکات پر زور دیا: (۱) سر سید احمد خان پر مرحوم کی زیر ترتیب کتاب کو مکمل کر کے شائع کیا جائے، (۲) مختلف معیاری مجلات میں شائع شدہ ان کے تخلیقی افسانوں کو جمع کر کے کتابی صورت میں لایا جائے، (۳) ان کے متفرق علمی و ادبی مضامین کا مجموعہ شائع کیا جائے۔ انہوں نے اپنے جذبات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے وہ روداد بھی سنائی جو مرحوم کے جنازے میں شرکت کے بعد انہوں نے تحریر کی تھی: ’’مخلص کا جنازہ تھا کہ اترے تھے فرشتے‘‘۔
شہباز مظلوم نے مرحوم کے ریٹائرمنٹ کے موقع پر پڑھی گئی اپنی الوداعی نظم دوبارہ سنائی اور ساتھ ہی ایک نئی تعزیتی نظم بھی پیش کی۔ جناب اکبر (اہلِ خانہ میں سے) نے مرحوم کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے لئے سایۂ عاطفت تھے۔ محمد مسرور عالم نے ان کے ساتھ اپنی رفاقت کے تعلقات بیان کیے۔ ماسٹر طارق عزیز اور ڈاکٹر ظفر اقبال نے بطور شاگرد اپنے استاد کی شفقتوں کو یاد کیا۔ ماسٹر سعید اختر (سابق استاد اردو چوپڑا ہائی اسکول) اور ماسٹر افتخار سدا نے مرحوم کی اردو خدمات پر روشنی ڈالی۔مرحوم کے چھوٹے بھائی جناب عبد الناصر نے نہایت رقت انگیز انداز میں کہا کہ: “آپ سب کے لئے ایک مخلص رخصت ہوئے ہیں لیکن ہمارے لئے ہمارے سرپرست اور مربی جدا ہو گئے ہیں۔ یہ صدمہ ہمارے اہلِ خانہ کے لئے ناقابلِ برداشت ہے”۔ یہ کہتے ہوئے وہ آبدیدہ ہو گئے۔
اجلاس کی صدارت پروفیسر محمد علیم الدین شاہ ٹیچر انچارج چوپڑا کالج نے کی جنہوں نے اپنے کلیدی خطبے میں دو اہم تجاویز پیش کیں:
1)۔ مرحوم کی حیات و خدمات کے عنوان سے ایک سیمینار مغربی بنگال اردو اکیڈمی کے تعاون سے منعقد کیا جائے اور پھر سیمینار میں پڑھے گئے مقالات کا مجموعہ شائع کیا جائے۔ در اصل ماسٹر عبد الواحد مخلص (دوران حیات) اور انہوں نے مل کر “شمالی بنگال میں اردو” کے عنوان سے مغربی بنگال اردو اکاڈمی سے ایک سیمینار کے لئے مالی تعاون کے لئے درخواست دے رکھی ہے، لیکن اب جبکہ مخلص صاحب کا انتقال ہوگیا ہے تو علیم الدین صاحب اس عنوان کو بدل کر “ماسٹر عبد الواحد مخلص” حیات و خدمات” عنوان رکھنا چاہتے ہیں اور اب وہ مغربی بنگال اردو اکاڈمی سے درخواست کرتے ہیں کہ اس نئے عنوان کو منظور کرکے اکاڈمی مالی تعاون دے ۔
2)۔ ان کی سماجی خدمات کے تسلسل میں ایک بیت المال قائم کیا جائے جو غریب بچیوں کی شادی، نادار طلبہ کی تعلیم، بے سہارا مریضوں کے علاج اور آئندہ اسپتال و اسکول قائم کرنے جیسے نیک مقاصد کے لئے کام کرے۔

اجلاس میں پروفیسر ابو وقاص (اسلام پور کالج)، آرمی کے ایک ریٹائرڈ افسر، متعدد اہلِ علم و ادب، سماجی شخصیات اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔
آخر میں فاتحہ خوانی ہوئی اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ماسٹر عبد الواحد مخلص، اسلام پور ہائی اسکول (اُتر دیناج پور) میں معلمِ اردو تھے اور حال ہی میں ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ کچھ ہی روز قبل ان کے دل کا آپریشن ہوا تھا، مگر افسوس کہ وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی زیرِ ترتیب کتاب “سر سید: ایک بازدید” کی تکمیل کی ذمہ داری ڈاکٹر قسیم اختر (شعبۂ اردو، مارواڑی کالج، کشن گنج) نے لی ہے۔ اس موضوع پر جن اہلِ علم کے پاس مقالات یا مضامین ہوں وہ انہیں ارسال کریں تاکہ یہ علمی خدمت مکمل ہو سکے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر