ممبئی میں موسلا دھار بارش ،زندگی کی رفتار تھم گئی

ممبئی میں موسلا دھار بارش سے اندھیری سب وے زیرِ آب آ گئی، پاوئی میں درخت گرنے اور ٹریفک متاثر ہونے پر انتظامیہ نے شہریوں کو متبادل راستے اپنانے کی ہدایت دی ہے۔
بھارت کی اقتصادی راجدھانی ممبئی میں منگل کے روز شدید بارش کے بعد شہر کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ کئی علاقوں میں شام کے وقت موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور عام زندگی رک سی گئی۔پاوئی کے علاقے میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ایک بڑا درخت اچانک سڑک پر آ گرا، جس سے ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پڑا۔ بی ایم سی کی ٹیم موقع پر موجود ہے اور درخت ہٹانے کا کام جاری ہے۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم شہریوں کو محتاط رہنے اور متبادل راستے اپنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اندھیری سب وے زیرِ آب آ گئی، جہاں گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہو گئی۔ بی ایم سی عملہ نکاسیِ آب کے لیے ڈرینج مشینوں کے ذریعے پانی نکالنے میں مصروف ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سب وے کے راستے سے فی الحال گریز کریں اور ممکن ہو تو دیگر راستے اختیار کریں۔