راہل گاندھی کا وزیراعظم پرشدید حملہ:دہشت گردی پرپاکستان پر بھروسہ کیوں کیا؟

راہول گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر پاکستان پر بھروسہ کرنے اور قومی سلامتی پر دوہرا معیار اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے تین سخت سوالات اٹھائے۔
نئی دہلی، 22 مئی (ایجنسیز): کانگریس کے سرکردہ لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو دہشت گردی اور قومی سلامتی جیسے حساس موضوع پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے ایک پرانی ویڈیو کلپ شیئر کی ہے، جس میں نریندر مودی پاکستان کی جانب سے دہشت گردی روکنے کی یقین دہانی پر بھارت کے “غور” کرنے کی بات کرتے نظر آ رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم سے تین براہ راست سوالات کیے:
آپ نے پاکستان کی بات پر یقین کیوں کیا؟
ٹرمپ کے سامنے جھک کر ہندوستان کے مفادات کا سودا کیوں کیا؟
کیا آپ کی حب الوطنی صرف کیمروں کے سامنے ظاہر ہوتی ہے؟
راہل گاندھی نے لکھا کہ وزیر اعظم کی تقاریر صرف دکھاوا ہیں، جب کہ زمینی حقائق سے ان کا تعلق کمزور ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی سلامتی کے معاملات میں اتنی سادگی یا سیاسی چالاکی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔اس تنقید کے پس منظر میں وزیر اعظم مودی کا حالیہ خطاب بھی شامل ہے، جو انہوں نے بیکانیر میں ایک انتخابی جلسے کے دوران دیا تھا۔ اس خطاب میں مودی نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر ہندوستانی افواج کی فوری جوابی کارروائی کو اجاگر کیا اور کہا کہ “ہماری بہنوں کی مانگ کا سندور مٹانے والوں کو ہم نے مٹی میں ملا دیا”۔
راہل گاندھی کے مطابق، یہ جذباتی بیانیہ وزیر اعظم کے پچھلے مؤقف سے متصادم ہے، اور ان کے بیانات میں پائی جانے والی تضاد عوام کے سامنے لانا ضروری ہے تاکہ وہ سچائی سے باخبر رہیں۔