اسرائیل میں ایرانی میزائل حملے کے بعد اسپتال کی تباہی کی تصاویر سامنے آ گئیں

ایرانی میزائل حملے میں اسرائیل کو بھاری نقصان، سوروکا اسپتال تباہ، عالمی برادری میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا، کچھ نے مذمت کی تو کچھ نے غزہ کے تناظر میں اسے انجام قرار دیا۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران جمعرات کو ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں نے اسرائیل کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ان حملوں میں کئی مقامات متاثر ہوئے، جن میں جنوبی اسرائیل کا سوروکا اسپتال بھی شامل ہے۔اسپتال کے ڈائریکٹر کے مطابق، میزائل حملے کے باعث اسپتال کے کئی وارڈز مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جس سے مریضوں اور عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق، ہولون میں ہونے والے حملے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے، جب کہ ماگن ڈیوڈ آدوم ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 89 تک پہنچ چکی ہے۔ ہولون میں ایک رہائشی عمارت کی چھت گرنے کے بعد ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ایران کے ان حملوں نے اسرائیل کو بھاری مالی و جانی نقصان پہنچایا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، اب خود اسرائیلی وزیرِاعظم بھی یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ ایران سے براہِ راست محاذ آرائی کوئی آسان کام نہیں۔
ادھر سوروکا اسپتال پر حملے کے بعد عالمی سطح پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر لوگ تقسیم نظر آ رہے ہیں؛ کچھ افراد اس حملے کی شدید مذمت کر رہے ہیں اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں، جب کہ کچھ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اب اپنے کیے کی سزا مل رہی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں درجنوں اسپتالوں کو فضائی حملوں سے تباہ کیا اور اب جب اس کے اپنے اسپتال پر حملہ ہوا ہے تو اسے اس تباہی کا درد محسوس ہو رہا ہے جو دوسروں پر ڈھائی گئی تھی۔
